ترکش کمپنی کا کوڑا ٹھکانے لگانے کی بجائے پانی ٹھکانے لگانے کا کارنامہ سامنے آگیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 20, 2016 | 11:09 صبح

لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ) لاہور کی صفائی کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی ترکش کمپنی کوڑے کی بجائے ”پانی“ ٹھکانے لگاکر حکومت سے خطیر رقم وصول کرتے ہوئے پائی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے کوڑے کی بجائے پانی ”ٹھکانے“ لگانے کی ویڈیو اور دیگر حقائق وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردیئے جنہوں نے معاملہ وزیراعلیٰ معائنہ کمشن کو بھجوا دیا جس نے معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے وزیراعلیٰ کو تفصیلی جواب ارسال کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی حکومت لاہور کو مسلسل اطلاعات مل رہی تھیں کہ کوڑا اٹھا

نے کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی ترکش کمپنی کی گاڑیاں کوڑے سے بھری گاڑیوں میں

کوڑے کے ساتھ پانی کی بھاری مقدار ”تول“ کر قیمت وصول کررہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے تحقیق کی تو ایک 40 ٹن وزنی کوڑا ٹھکانے لگانے والے ٹرک کے اندر سے کوڑے کی بجائے گندے پانی کا ”ٹیوب ویل“ چالو ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ نے ”ریکارڈ شدہ ثبوت“ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوایا تاکہ ترکش کمپنی کیخلاف کارروائی کے احکامات حاصل کئے جاسکیں۔
 ذرائع کے مطابق ترکش کمپنی نے وزیراعلیٰ معائنہ کمشن میں موقف اختیار کیا ہے کہ بارش کی وجہ سے ان کی ”بند گاڑی“ میں پانی بھر گیا تھا۔ یاد رہے ترکش کمپنی کو ”کوڑے“ کے وزن کے مطابق 1700 روپے فی ٹن ادائیگی کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جس گاڑی سے پانی ٹیوب ویل کی دھار کی طرح بہتا رہا وہ 40 ٹن کوڑا ٹھکانے لگاتی ہے اور اس میں موجود پانی 20 سے 25 ٹن تھا۔ ذرائع کے مطابق اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کس قدر ”جعلی کوڑا“ ٹھکانے لگاکر حکومت سے رقم وصول کی جارہی ہے۔
 لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دعویٰ ہے شہر میں صفائی کا نظام بہتر ہوا ہے جبکہ لاہوریوں کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب شمالی لاہور کی آبادیوں شادباغ، چائنہ سکیم، وسن پورہ سکیم نمبر 2، باغبانپورہ، مغلپورہ، ہربنس پورہ وغیرہ کا دورہ کریں تو انہیں اندازہ ہو جائیگا وہاں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جبکہ گلبرگ، گارڈن ٹاون، فیصل ٹاون، جوہر ٹاون اور اس سے آگے رائے ونڈ اور ملحقہ آبادیوں میں صفائی کی صورتحال ضرور بہتر ہوئی ہے۔ یاد رہے ترک کمپنیوں کو صفائی کا ٹھیکہ دینے سے پہلے بلدیہ عظمیٰ لاہور 3 ارب روپے سے کم صفائی پر خرچ کرتی تھی، یہ رقم اب 15 ارب سے بڑھ چکی ہے۔