ترکی کی فضا میں نظر آنے والی روشنیاں کیسی تھیں؟
استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک): خلائی مخلوق کی زمین پر آمد کے بارے میں کافی عرصہ سے متضاد بحثیں اور دعوے کیے جارہے ہیں اور اس کا تازہ ترین واقعہ ترکی میں پیش آیا جہاں لوگوں نے آسمان پر کچھ غیر معمولی روشنیوں کا مشاہدہ کیا۔ایک روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اچانک ہی ایک ہیش ٹیگ مقبول ہوگیا جس میں کہا گیا یو ایف او اٹیک ترکی یعنی ایک غیر معمولی شے جسے عموماً خلائی مخلوق سے منسوب کیا جاتا ہے، نے ترکی پر حملہ کردیا ہے۔اس ہیش ٹیگ کے ساتھ بے شمار لوگوں نےتصاویر پوسٹ کیں جس میں آسمان پر کچھ غیر معمولی روشنیاں چمکتی نظر آرہی ہیں۔اس ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کرنے والے صارفین کا دعویٰ تھا کہ اڑن طشتری نما اس شے نے ترکی پر حملہ کردیا ہے، جب کہ کچھ نے صرف اس کا مشاہدہ کرنے کا دعویٰ کیا۔ایک صارف کا کہنا تھا کہ اسی طرح کی روشنیاں امریکی ریاستوں ٹیکسس، ڈینور اور برطانیہ میں بھی مختلف مقامات پر دیکھی گئی ہیں۔ایک شخص نے مطالبہ کیا کہ چونکہ اس غیر معمولی شے کو بہت واضح طور پر دیکھا گیا ہے لہٰذا امریکی خلائی ادارہ ناسا اس بارے میں تحقیقات کرے۔بعض صارفین نے اس کا تقابل سنہ 1997 میں میکسیکو میں نظر آنے والی روشنیوں سے بھی کیا۔بعض افراد نے یہ بھی شکایت کی کہ ٹوئٹر اس ہیش ٹیگ کی پوسٹس کو ڈیلیٹ کر رہا ہے جس کے بعد لوگوں نے ترکی میں سوشل میڈیا پر عائد قدغن کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔واضح رہے کہ یہ وہی دن ہے جب آج سے 36 سال قبل ایک برطانوی پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک اڑن طشتری میں آنے والی خلائی مخلوق اسے اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔