دھمکیاں اور خوشامد بھی کام نہ آئی، ڈونلڈ ٹرمپ کی اوقات پوری دنیا کے سامنے آگئی ، اپیل کورٹ نے بھی بڑا جھٹکا دے دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 10, 2017 | 06:12 صبح

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ میں اپیل کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کی امریکہ آمد پر پابندی کے صدارتی حکم کی معطلی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔نائنتھ یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیلز کا کہنا ہے کہ وہ لوئرکورٹ کی جانب سے کیے گئے صدارتی حکم نامے کی معطلی کے فیصلے کو تبدیل نہیں کر سکتی۔

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ایک صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت عراق، ایران، شام، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن سے امریکہ آنے والوں کے ویزے 90 روز تک معطل کر دیے گئے تھے۔اس کے علاوہ شام سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کی امریکہ آمد پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کی گئی تھی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ انتظامی حکم نامہ جاری کیا گیا تھا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کو خطرہ ہے۔تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ان ممالک سے دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں ثبوت ناکافی ہیں۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس کے بجائے کہ انتظامی حکم کی ضرورت سے متعلق ثبوت فراہم کیے جاتے حکومت نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ 'ہمیں اس فیصلے پر نظرثانی نہیں کرنی چاہیے۔اس عدالتی فیصلے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ردعمل کا اظہار ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا ہے کہ 'آپ کو عدالت میں ملیں گے۔ قوم کی سلامتی داؤ پر ہے۔'

اس مقدمے میں وائٹ ہاؤس کی نمائندگی محکمہ انصاف نے کی تھی اور ان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ 'اس فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس سے متعلق غور کر رہے ہیں۔'