کینیڈین امیگریشن کی ویب سائٹ کریش وجہ ٹرمپ کی جیت
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 09, 2016 | 15:02 شام
نیویارک (شفق ڈیسک) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے دوران اور ہلیری کی بجائے ڈونلڈ ٹرمپ کی حیرت انگیز کامیابی پر کینیڈا کی امیگریشن کی ویب سائٹ زیادہ صارفین کے وزٹ کرنیکی وجہ سے کریش کر گئی جبکہ یہ قیاس آرائیاں ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد بہت زیادہ امریکی شہری اب امریکہ کو خیرباد کہہ کر کینیڈا چلے جائینگے کیونکہ کینیڈین امیگریشن کی ویب سائیٹ پر وزٹ کرنیوالوں میں زیادہ تعداد امریکی شہریوں کی بتائی جاتی ہے۔ تاہم ابھی تک کینیڈا کی امیگریشن سروس کے حکام نے ویب سائیٹ کے کریش ہونیکے بارے میں اپنا موقف سامنے نہیں لایا ہے۔ ویب سائیٹ میں خرابی اس وقت سامنے آئی جب منگل کی شام امریکی ریاست کولوراڈو میں حکام ووٹر رجسٹریشن ڈیٹا بیس تک آدھے گھنٹے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اس وقت کولوراڈو کی سیکریٹری سٹیٹ لین برٹیلز نے ٹویٹ کیا تھا کہ کلرک ڈاک بیلٹس کو پراسس نہیں کر سکتے جن پر مصدقہ دستخط کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہمارا سسٹم بار بار ڈاؤن ہو رہا ہے۔ شمالی کیرولینا کی سٹیٹ بورڈ آف الیکشنز کو بھی کئی جگہوں پر تکنیکی مسائل کی وجہ سے الیکٹرانک ووٹنگ سے پیپر ووٹنگ پر منتقل ہونا پڑا۔ اسی وقت امریکی ریاست کولوراڈو میں حکام ووٹر رجسٹرشن ڈیٹا بیس تک آدھے گھنٹے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ مسئلے کے حل تک 93000 ووٹوں کے اپ لوڈ ہونے میں تاخیر ہوئی۔ اس قسم کی بھی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ کچھ مشینیوں نے امیدواروں کے ووٹ تبدیل کر دیئے۔ امریکی نو منتخب صدر نے ایک بڑے ٹی وی چینل کو بتایا کہ مشینوں میں آپ رپبلکن کا انتخاب کرتے ہیں اور وہ رجسٹر ڈیمو کریٹ کے طور پر کرتا ہے، آج اس قسم کی بہت سے شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ اس دوران امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی ٹیکسٹ میسج اور ٹیلی فون کے ذریعے ووٹروں کو پولنگ سٹیشن پر لانے کی مہم کے دوان بھی سائبر حملے ہوئے۔