ہوائی سفر کے دوران اختیاط برتیں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 13, 2016 | 15:05 شام

نیو یارک (شفق ڈیسک) ہوائی جہاز میں سوار ہوتے ہی مسافروں کیلئے فون کالز کرنا ممنوع قرار پا جاتا ہے تا وقت یہ کہ انکے قدم دوبارہ زمین کو نہ چھو لیں۔ تاہم اب امریکی محکمہ نقل و حمل نے فضائی مسافروں کیلئے ایسی تجویز پیش کر دی ہے کہ عملدرآمد ہو جائے تو مسافروں کی بڑی مشکل آسان ہو جائے، اگرچہ ان کیلئے خطرات بڑھ جائینگے۔ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے تجویز دی کہ اگر ائر لائنز ٹکٹ خریدنے والے ہر مسافر کو دوران پرواز فون کالز کے متعلق پالیسی سے آگاہ کریں تو مسافروں کو وائی فائی کے ذریعے فون کالز کرنیکی اجازت دی جا سکتی ہے۔ اس تجویز پر مباحثے کیلئے 60 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ جس کے بعد اس پر عملدرآمد کرنے یا نہ کرنیکا فیصلہ کیا جائیگا۔ ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری انتھونی فوکس کا کہنا ہے کہ اس تجویز میں ہم اس بات کو یقینی بنائینگے کہ کال کرنیوالا شخص اپنے پہلو میں بیٹھے مسافروں سے اسکی اجازت لے گا، تاکہ انہیں فون پر بے وجہ کی گفتگو سے ہونیوالی کوفت برداشت نہ کرنی پڑے۔ 2014ء میں بھی ڈیپارٹمنٹ نے یہ تجویز دی تھی اور عوام سے اس پر ردعمل دینے کو کہا تھا کہ آیا فضائی مسافروں کو فون کالز کی اجازت ملنی چاہیے یا نہیں۔ تاہم شہریوں کی واضح اکثریت نے اس تجویز کیخلاف ردعمل دیا تھا۔ اکثریت کا کہنا تھا کہ اس سے مسافروں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں اضافہ ہو جائے گا۔ چنانچہ اس پر پابندی برقرار رہنے دی جائے۔