اوباما کی صاحبزادی الوادعی تقریر کے دوران کہاں تھیں؟

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 11, 2017 | 18:23 شام

شکاگو (شفق ڈیسک) شکاگو میں بہ حیثیت صدر اپنی آخری تقریر کے دوران باراک اوباما جذباتی ہو گئے اور ایک موقعے پر انہوں نے رومال سے اپنے آنسو صاف کیے۔ یہ وہی جگہ ہے کہ جہاں آج سے ایک دہائی قبل انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا۔ لیکن جب باراک اوباما تارکینِ وطن مخالف جذبات اور معاشی ناہمواری کے خطرات بیان کر رہے تھے، تو تب پوری دنیا کو سٹیج پر ایک فرد کی کمی محسوس ہوئی۔ برطانوی اخبار، دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق، اگرچہ اوباما کی جذباتی الوداعی تقریب سننے کیلئے میشل اوباما اور ان کی بڑی بیٹی، مالی

ا اوباما موجود تھیں، لیکن ان کی چھوٹی صاحبزادی، ساشا اوباما کہیں دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ اوباما کی تقریر کے دوران ہی ٹویٹر پر ساشا کہاں ہیں کا ہیش ٹیگ مشہور ہو گیا۔ اس موقعے پر لوگوں نے مختلف قیاس آرائیاں کیں۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ 15سالہ ساشا نئے امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے منصوبے تیار کرنے میں مصروف ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ساشا کو اس کے سکول کی جانب سے اپنے والد اور امریکی صدر کی الوداعی تقریر میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ملی، کیونکہ اگلی ہی صبح اس کا امتحان تھا۔ اس بارے میں سی بی ایس نیوز کے وائٹ ہاؤس کیلئے نمائندہ خصوصی، مارک نولر کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی انتظامیہ نے انہیں مطلع کیا تھا کہ ساشا اوباما واشنگٹن ہی میں رہے گی۔ نولر کے مطابق، جب انہوں نے وائٹ ہاؤس کی انتظامیہ سے پوچھا کہ ساشا کہاں تھی؟ تو جواب ملا کہ صبح امتحان ہونے کی وجہ سے وہ آج رات واشنگٹن ڈی سی ہی میں گزارے گی۔ اوباما نے جب اپنی الوداعی تقریر کا آغاز کیا، تو رخصت ہونیوالی امریکی خاتون اول نے اپنا بازو اپنی 18سالہ بیٹی، مالیا پر رکھ دیا۔ تقریر کے دوران اوباما کا مالیا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مالیا اور ساشا غیر معمولی حالات میں حیرت انگیز نوجوان خواتین بنی ہیں۔ تم دونوں ذہین اور خوبصورت ہو اور اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ تم مہربان ہو اور غوروفکر کرتی ہو اور تم میں جوش و جذبہ بھی پایا جاتا ہے۔ میں نے اب تک اپنی زندگی میں جو کچھ بھی کیا، اس میں سب سے زیادہ فخر کی بات یہ ہے کہ میں تمہارا باپ ہوں۔ خیال رہے کہ ساشا واشنگٹن میں واقع سڈ ویل فرینڈز نامی نجی سکول کی طالبہ ہیں اور اسی سکول سے دیگر سابق امریکی صدور کے بچوں مثلاً چیلسی کلنٹن، ٹریشیا نکسن کوکس اور آرکی بالڈ روزویلٹ نے تعلیم حاصل کی ہے۔ یہاں ایک دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ ساشا وائٹ ہاؤس میں رہنے والی کم عمر ترین بچی ہیں، جبکہ اس سے قبل یہ اعزاز جان ایف کینیڈی کے پاس تھا، وہ 1961ء میں نوجوانی میں وائٹ ہاؤس میں داخل ہوئے تھے۔