اوباما کا نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہروں کی حمایت

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 18, 2016 | 17:21 شام

 

برلن (شفق ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے ریپبلکن پارٹی کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف ہونیوالے مظاہروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کیمطابق امریکی صدر باراک اوباما الوداعی دورے پر جرمنی میں موجود ہیں جہاں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مختلف ریاستوں میں ہونیوالے مظاہروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی تاریخ میں کسی صدر کیخلاف اسطرح کے مظاہرے نہیں ہوئے جسطرح ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف عوام سڑکوں پر ہیں۔ اگر مظاہرین کو انتخابی مہم کے کسی معاملات پر تحفظات ہیں تو ایسے افراد کے غم و غصے اور اظہار رائے کو جاری رکھنے کے حق میں ہوں اور مظاہرین کو گھر جانے کیلئے نہیں کہوں گا۔ صدر اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تلخ انتخابات کے بعد جب آپ صدر بن جائیں تو حقیقت کو سامنے رکھ کر آپ کو تمام لوگوں کو ایک ساتھ لے کر چلنا چاہیئے لیکن مجھے امید ہے کہ الیکشن آئندہ کیلئے بھی یاد دہانی ہوگا۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں اور خاص طور پر روس سے متعلق امریکی پالیسی کو اس وقت تک جاری رکھیں جب تک روس عالمی معیارات پر پورا نہیں اترتا۔ واضح رہے کہ 8 نومبر کو ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جو اب بھی جاری ہیں جبکہ پورٹ لینڈ میں سب سے زیادہ ہنگامے اور تخریب کاری رپورٹ کی گئی۔