جہاز میں شرمناک حرکت

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 02, 2016 | 17:07 شام

نیویارک (شفق ڈیسک) ایک امریکی ائرلائنز کی پرواز میں شراب کے نشے میں دھت ایک مسافر نے ایسی شرمناک حرکت کر دی کہ پائلٹ غضبناک ہو گیا اور جہاز چلانا چھوڑ کر اس مسافر کی درگت بنا ڈالی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کیمطابق امریکی ریاست کینٹکی کے25 سالہ نوجوان مائیکل کیر نے دوران پرواز نشے میں بدمست ہو کر ائرہوسٹس سے چھیڑ چھاڑ کی۔ جب عملے کے دیگر ارکان نے اسے سمجھانے کی کوشش کی تو وہ اپنی سیٹ سے اٹھا اور دوران پرواز ہی جہاز سے باہر جانے پر اصرار کرنے لگا۔ اس پر ائرہوسٹس اور عملے کے دیگر ارکان نے

اسکا راستہ روکا تو وہ ان پر حملہ آور ہو گیا۔ جب پائلٹ نے یہ صورتحال دیکھی تو غصے سے بپھر گیا اور اپنے کیبن سے نکل کر مسافروں والے حصے میں آیا اور دور سے ہی چلایا تم میری ائرہوسٹس کو ہاتھ نہیں لگا سکتے اور آتے ہی اس مسافر کو دبوچ لیا اور اس کی درگت بنا ڈالی۔ رپورٹ کیمطابق امریکن ایئرلائنز کی یہ پرواز ریاست کینٹکی کے شہر لیکسنگٹن سے نارتھ کیرولینا کے شہر شارلٹ جا رہی تھی۔ پائلٹ نے اس شرابی کو تھوڑی بحث کے بعد گریبان سے پکڑ کر نیچے گرا دیا ائرپورٹ پر اترتے ہی مائیکل کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں سے اب وہ 25 ہزار ڈالر کی ضمانت پر رہا ہوا ہے اور عدالت نے اسکے تمام کمرشل ائرلائنز کی پروازوں میں سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور اسے اس ائرہوسٹس سے بھی آئندہ رابطہ نہ کرنے کا پابند کیا ہے جس سے اس نے دوران پرواز چھیڑ چھاڑ کی تھی۔