امریکہ کی پہلی بار مودی کو شٹ اپ کال
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع ستمبر 30, 2016 | 14:00 شام
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے رابطہ کرکے پاکستان کیساتھ کشیدگی بڑھانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے فون پر رابطہ کیا ہے اور انہیں خبردار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیا ہے، وزیر خارجہ کا یہ پچھلے 2 روز کے دوران سشما سوراج سے دوسرارابطہ تھا۔ اوڑی حملے کے بعد امریکہ کی جانب سے اعلی سطح پر بھارت کے ساتھ یہ پہلا رابطہ ہے۔ دوسری جانب امریکی مشیر قومی سلامتی سوزن رائس نے کہا پاکستان کے خلاف بھارت کی مہم سے خطے میں امن وامان کا توازن بگڑرہا ہے لہٰذا بھارت خطے میں کشیدگی نہ بڑھائے۔ مشیر قومی سلامتی سوزن رائس نے بھارتی ہم منصب اجے دودل کو فون کرکے اوڑی حملے پر تبادلہ خیال سمیت حملے کی مذمت کی۔ اس موقع پر سوزن رائس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی مہم سے خطے میں امن بگڑ رہا ہے۔ایک اطلاع کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے بھارتی ہم منصب کو دوبارفون کرکے انتباہ کیا کہ کشیدگی کو مزید ہوا نہ دی جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سوزن رائس نے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ پاکستان اپنی سرزمین پر لشکر طیبہ سمیت ہر اس کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی کرے گا جسے اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیا جاچکا ہے۔