عزیر بلوچ پر غیر ملکی ایجنسیوں کیلئے جاسوسی کا الزام

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 13, 2017 | 08:22 صبح

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے دوبڑے گروپوں میں سے ایک کا سرغنہ عزیر بلوچ جواس وقت پولیس کی حراست میں تھا اب فوج کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ بااثر اور اہم سیاسی قربت داری رکھنے والا یہ شخص کراچی میں قتل و غارت گری‘ منشیات فروشی اور بھتہ خوری کے علاوہ جرائم پیشہ مافیا چلانے کے ساتھ ساتھ ایران اوربھارت کی خفیہ ایجنسیوں کیلئے بھی کام کرتا تھا۔ شبہ ہے کہ وہ کراچی میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے علاوہ بلوچ دہشتگردوں او رتخریب کاروں کیلئے اطلاعات رقومات اور اسلحہ کی فراہمی کا ذریعہ بھی تھا۔ اب اسکی گرفتاری سے پاکستان میں کام کرنیوالے غیر ملکی ایجنٹوں میں کھلبلی مچ گئی ہوگئی جو پہلے ہی بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کی گرفتاری سے پریشان ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کلبھوشن ہویا عزیر بلوچ‘ جوبھی ملک دشمن عناصر کے ساتھ کام کرتا تھا اور ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اسے اور اسکے باقی ساتھیوں کو جلد از جلد کیفر کردار کو پہنچایا جائے تاکہ کسی دوسرے کو ایسا کرنے کی جرأت نہ ہو۔