باکسر محمد وسیم کی مشکل اور میڈیا سے گفتگو
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 04, 2016 | 17:02 شام
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک): باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ اسپانسر دینے کے وعدے پورے نہیں کیے جارہے، ورلڈ گولڈ ٹائٹل میں حصہ لینے کے لیے سخت محنت اور 3 کوچز کے ساتھ معاشی وسائل کی بھی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جیت کے لیے دعا کی اور واپسی پر شاندار استقبال کیا ساتھ ہی انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آمد پر خصوصی انتظامات کر کے حوصلہ افزائی کی۔محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’’ورلڈ گولڈ ٹائٹل کے لیے چیلنج کیا ہوا ہے، جس کی تربیت کے لیے خاصی محنت اور وسائل درکار ہیں، ٹائٹل میں حصہ لینے کے لیے کم از کم تین کوچز کی ضرورت ہے جن کی فیس میرے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے تاہم اسپانسر کے حوالے سے کیے جانے والے وعدے تاحال پورے نہیں کیے گیے، جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے‘‘۔محمد وسیم کی واپسی پر انتظامیہ کی جانب سے انہیں خصوصی پروٹوکول فراہم کیا گیا ، میڈیا سے گفتگو کے بعد وہ ٹریفک پولیس کے پروٹوکول میں اپنے گھر روانہ ہوئے۔خیال رہے کہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے حال ہی میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ کا کامیاب دفاع کیا تھا۔واضح رہے کہ ناقابل شکست رہنے والے محمد وسیم نے پروفیشنل کیرئیر میں اب تک پانچ مقابلوں میں حصہ لیا اور تمام مقابلوں میں چمپیئن رہے۔