دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کیا گیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 15, 2017 | 18:39 شام
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): دورہ ویسٹ انڈیز کے لیئے قومی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں کامران اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے جب کہ ون ڈے کے سابق کپتان اظہرعلی، عمر اکمل اور یاسر شاہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ عمراکمل کو فٹنس مسائل کے باعث دورہ ویسٹ انڈیز کے لیئے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد ٹیم میں واپس آئے ہیں،ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ ،بابراعظم،شعیب ملک ،فخر زمان،شاداب خان،عثمان شنواری،وہاب ریاض،عماد وسیم ،محمد نوازاور حسن علی،سہیل تنویر،رومان رئیس، شامل ہیں جب کہ فاسٹ بالر محمد عامر کو ٹی ٹوئنٹی میں آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ون ڈے ٹیم میں شامل 16 کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز حمد،احمد شہزاد،کامران اکمل،محمد حفیظ،بابراعظم،شعیب ملک،فخرزمان ،آصف ذاکر،عماد وسیم،شاداب خان،فاسٹ بالرزمیں حسن علی،وہاب ریاض ،محمد عامر،فہیم اشرف اور جنید خان شامل ہیں جب کہ اسپن بالنگ کے لیئے محمد اصغر کو موقع دیا گیا ہے۔ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں،اس حوالے سے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہم فی الحال نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں تاہم آئندہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں اظہر علی کو موقع دیا جاسکتا ہے۔چیف سیلکٹر کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اور بہتر ٹیم تشکیل دی جائے گی۔