الیکشن میں روسی مداخلت پر واءٹ ہائوس اور ٹرمپ میں جنگ تیز ہوگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 04, 2017 | 18:32 شام

واشنگٹن(مانیٹرنگ)امریکا کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی حساس معلومات پر مبنی ای میل ہیک کرنے کے پس پردہ روس کا ہاتھ ہے جس کا ہمیں 100 فیصد یقین ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سو فیصد یقین ہے کہ امریکی صدارتی الیکشن کے دوران ہیلری کلنٹن کی انتہائی حساس ای میلز ہیک کرنے کے پس پردہ روسی حکومت کا ہاتھ ہے جس کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں اس لئے اس پر مزید سوالات اٹھانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا

کہ ہیکنگ کا معاملہ صرف صدر اوباما اور وزیرخارجہ جان کیری کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام خفیہ ایجنسیوں کا امتحان ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ہیکنگ کا معاملہ جس طرح شروع میں اٹھایا جانا چاہیئے تھا اس طرح نہیں اٹھایا گیا۔

دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترجمان دفترخارجہ کے بیان پر فوری طور پر ٹوئٹ کے ذریعے ردعمل میں کہا کہ اگر ہیگنگ کے پس پردہ  روس یا کوئی اور ملوث تھا تو وائٹ ہاؤس نے اس وقت ایکشن کیوں نہیں لیا اور ہیلری کلنٹن کی شکست کے بعد انہوں نے صرف شکایات ہی پر کیوں انحصار کیا۔ ایک اور ٹوئٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب تک آپ ہیکرز کو پکڑ نہیں لیتے اس وقت تک یہ تعین کرنا بہت مشکل ہے کہ ہیکنگ کے پیچھے کون ہے تاہم الیکشن سے قبل حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔