قرآن مجید کا ترجمہ پڑھنا کیوں ضروری ہے؟

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 05, 2019 | 18:43 شام

لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ) ہم جدید دور کے لوگ ہر چیز سے بے خبر ہیں، خلیل الرحمن قمر نے ایک ڈراما لکھا، 
میرے پاس تم ہو
جس میں ایک بے پناہ محبت کرنے والا شوہر اپنی بیوی کو بے حد خوش رکھنے کی کوشش کرتا ہے، میاں بیوی اور ایک بیٹے کی خوبصورت سی فیملی دکھائی گئی جو بعد ازاں، مختلف موڑ اختیار کر گئی، مہوش نامی عورت ایک امیر شخص کے پیچھے اپنے بے پناہ محبت کرنے والے شوہر دانش کو  چھوڑ دیتی ہے۔
ڈراما میں دکھایا گیا کہ لڑکی کے پاس حلال رشتہ موجود تھا

اس کے باوجود وہ حرام کی طرف راغب ہوئی، بیشک عورت شیطان کا آسان شکار ہے، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ زانی عورت و مرد کو سنگسار کر دیا جاتا کیوں کہ قرآن میں یہی حد مقرر ہے، مگر لمحہء فکریہ ہے کہ ہمیں اس چیز کی خبر ہی نہیں کہ زانی کی کیا سزا ہے، چلو شوہر نے دل پہ پتھر رکھ لیا تبھی بیوی کو چاہیے تھا کہ اللہ سے رجوع کرتی مگر ایسا نہ ہوا۔
خیر ڈراما میں ایک موڑ یہ دکھایا گیا کہ شوہر طلاق کا پروانہ جاری کرتا ہے تاکہ عورت دوسرے مرد سے شادی کر سکے، مگر عدت کا کیا، کیا ہم نے ہر شے کو مذاق سمجھ رکھا ہے، عورت، عدت ختم کیئے بغیر دوسرا نکاح نہیں کرسکتی، شوہر طلاق دینے کے بعد عورت کو دو ٹکے کی عورت کہہ دیتا ہے مگر خود کا کتنا ہاتھ تھا یہ نہ سوچا، شک کرنا اور خود بھی اتنی آزادی دینا کیا درست عمل تھا، اگر محبت میں ہر وقت جائز ناجائز خواہش پوری ہو تو کوئی بھی انسان ہو ناجائز کی طرف راغب نہ بھی ہو، خود پرست ضرور ہو جاتا ہے۔
اوپر میں نے کہا کہ قرآن مجید پڑھنا کیوں ضروری ہے۔ ناظرہ تو ہم نے پڑھ لیا تو کیا ترجمہ جاننے کی کوشش کی، اپنے آپ سے سوال کیجیے، کیا ہمیں طلاق کے معاملات معلوم ہیں، کیا ہمیں عدت کے بارے میں علم ہے۔
کیا ہمیں حق مہر اور وراثت کا علم ہے، کیا ہمیں نکاح کے بارے میں معلوم ہے، جب ہمیں اپنی زندگی کے بنیادی مسائل ہی کی خبر نہ ہو تو معاشرہ حلال حرام کا فرق نہیں جان پائے گا، ریاست مدینہ یوں ہی نہیں بن جایا کرتی، ہم اپنے اپنے طور اس ملک کے ذمہ دار، خراب معاشرے کے ذمہ دار اور سب سے بڑھ کر اپنے اعمال کے ذمہ دار۔
نوٹ : اس حقیقت سے انکار نہیں کہ خلیل الرحمٰن قمر صاحب بہت ہی اچھے لکھاری ہیں میرا قلم ان کے مقابل کچھ بھی نہیں، مگر طاقت جتنی اللہ نے دی ہو اسے استعمال نہ کرنا، اپنے قلم کا مثبت استعمال نہ کرنا مجھے اللہ کے آگے جوابدہ بنائے گا۔
اللہ پاک ہم سب کی عزتوں کی حفاظت فرمائے اور ہمیں قرآن مجید سمجھنے کی توفیق دے آمین، جزاک اللہ