پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 6وکٹوں سے شکست دیدی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 11, 2017 | 21:43 شام
گیانا: (مانیٹرنگ ڈیسک) پرووِڈنس سٹیڈیم میں آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ کھیلا جا رہا ہے۔ تین ون ڈے میچوں کی سیریز آج کا میچ جیتنے والی ٹیم کے نام ہو گی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ گیانا میں بارش اور خراب موسم کے باعث کھیل کچھ تاخیر سے شروع ہوا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئس اور چاڈوک والٹن میدان میں اترے اور انتہائی سست رفتاری سے کھیل پیش کیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم کا سکور ابھی 31 رنز پر پہنچا تھا کہ لوئس کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ جنید خان کی گیند پر محمد حفیظ نے ان کا کیچ لیا۔ لوئس نے صرف 16 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 40 رنز کے سکور پر گری جب حسن علی کی خوبصورت گیند نے والٹن کو بولڈ کر دیا۔ والٹن 19 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد کیرن پاؤل اور شائی ہوپ نے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا تاہم دونوں کے قدم ابھی جمنے بھی نہ پائے تھے کہ عماد وسیم نے پاؤل کو چلتا کیا۔ عماد وسیم کی خوبصورت گیند پر کپتان سرفراز احمد نے انھیں سٹمپ آؤٹ کیا۔ کیرن پاؤل صرف 23 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔اس کے بعد جیسن محمد اور شائی ہوپ کی جوڑی نے ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو آگے بڑھایا۔ ویسٹ انڈیز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیسن محمد تھے جنہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ جنید خان کی گیند پر سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے ان کا کیچ لیا۔ ان کے بعد آنے والے کھلاڑی جوناتھن کارٹر جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کارٹر نے صرف 11 رنز بنائے اور انھیں شاداب خان نے بولڈ کیا۔پانچویں وکٹ کے نقصان پر ویسٹ انڈیز کا سکور 192 تھا۔ ویسٹ انڈیز کو چھٹا نقصان 211 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب شاندار بیٹنگ کر رہے شائی ہوپ کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ہوپ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اہم وکٹ بھی شاداب خان کے حصے میں آئی۔ ویسٹ انڈیز کی ساتویں وکٹ 219 کے سکور پر گری جب کپتان جیسن ہولڈر صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ان کی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی جبکہ شاداب خان نے ان کا آسان کیچ لیا۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی کوئی خاطر خواہ کاکردگی نہ دکھا سکے اور جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، جنید خان اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ حسن علی اور عماد وسیم کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ جیتنا انتہائی اہم ہے۔ تین میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم نے 4 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی تھی جبکہ دوسرا میچ میں پاکستان 74 رنز سے جیتا تھا۔ اگر ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ اہم میچ جیت جاتی ہے تو وہ نہ صرف یہ سیریز جیت جائے گی بلکہ 26 سال بعد پاکستان کیخلاف فتح سمیٹے گی۔ کرکٹ شائقین کو یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آخری مرتبہ 1991ء میں پاکستانی ٹیم کو سیریز میں شکست دی تھی۔ اور اب پاکستان نے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔