ادھر چھٹیاں ختم اُدھر سردی زوروں پر

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 02, 2017 | 18:34 شام

لاہور(مانیٹرنگ)سردیوں کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی سردیاں آگئیں، سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے اسکول کھل گئے، بچے یہی شکوہ کرتے نظر آئے کہ سردی کی چھٹیوں میں مزید اضافہ ہونا چاہیے تھا۔

موج مستی اب کم ہوگی کیونکہ موسم سرما کی تعطیلات ہوگئی ختم،علی الصبح سوئیٹر اور اونی ٹوپی پہنے چہروں پر مسکراہٹ، اسکول بستوں کے ساتھ پرعزم بچوں نے ایک بار پھر اسکولوں کا رخ کرلیا۔

کسی نے کم چھٹی کی شکایت کی تو کوئی اپنے دوستوں سے ملنے کی خوشی میں نہال نظر آیا ۔

ملتان میں بچوں نے شکایت کی کہ سر دیوں کی چھٹیاں اس وقت دی گئیں جب سردی نہیں تھی اور اب سردی کی شدت میں اضافہ ہوا تو چھٹیاں ہی ختم ہوگئیں۔

گوجرانوالہ کے بچوں نے چھٹیوں میں خوب مزا کیا، فیصل آباد، جھنگ سرگودھا، حیدر آباد، سکھر،نواب شاہ سمیت دیگر شہروں میں طلباء کی حاضری معمول سےکچھ کم رہی۔