حقوق ِ نسواں کے تحفظ کے لیے پنجاب سیف سٹی انتظامیہ نے موبائل ایپ متعارف کرادی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 05, 2017 | 06:59 صبح
لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ) خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات کے ازالے کے لیے اب جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ پنجاب سیف سٹی انتظامیہ نے ایسی موبائل ایپ بنا لی ہے جو ایسے واقعات کے خلاف اقدامات کرنے میں مدد دے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کے اشتراک سے پنجاب سیف سٹی انتظامیہ نے ایک موبائل ایپ بنائی ہے جس کے تحت خواتین اپنے ساتھ ہونے والے ناخوشگوار واقعے کو فوری رپورٹ کر سکیں گی۔
اس ایپ کے تحت اسے استعمال کرنے والی خاتون جیسے ہی وارننگ سگنل پریس کریں گی، فوراً ہی ڈولفن فورس کے قریبی دستے کو واقعہ اور جائے وقوع کی اطلاع موصول ہوجائے گی اور وہ حرکت میں آجائے گی۔
ڈولفن فورس کے علاوہ قریبی پولیس اسٹیشن میں اسی کام کے لیے متعین اہلکار اور پولیس رسپانس یونٹ کے اہلکار بھی ان شکایات پر ایکشن لینے کے ذمے دار ہوں گے۔
اینڈرائیڈ فون کے لیے بنائی جانے والی اس ایپ میں موصول ہونے والی شکایت کے ازالے کے لیے اسے سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔
پنجاب سیف سٹی انتظامیہ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ یہ ایپ نہ صرف 24 گھنٹے فعال رہے گی بلکہ اسے انٹرنیٹ کا کنکشن نہ ہونے کی صورت میں بھی بآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پنجاب کمیشن آن دا اسٹیٹس آف ویمن کی چیئر پرسن فوزیہ وقار کے مطابق اس ایپ کے ذریعہ خواتین صوبے میں اپنے (خواتین کے) متعلق قوانین سے بھی آگاہی و معلومات حاصل کرسکتی ہیں۔
اس منصوبے کا پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر اج افتتاح کردیا جائے گا۔