یمن کی جیل پر عرب اتحاد کا حملہ، 45 قیدی ہلاک

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 30, 2016 | 12:08 شام

صنعا(ویب ڈیسک)یمنی علاقے الحدیدہ کی جیل پر کیے گئے ایک فضائی حملے میں کم از کم پینتالیس قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فضائی حملے سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے کیے۔ حملے کے وقت جیل میں 84 قیدی موجود تھے۔ حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق طبی حلقوں کے علاوہ ہلاک ہونے والے قیدیوں کے رشتہ داروں نے بھی کی ہے۔ لڑاکا طیاروں نے جیل پر کم از کم تین مرتبہ حملے ہفتہ انتیس اکتوبر کی شام میں کیے۔ الحدیدہ پر یمن کے حوثی شیعہ باغی کنٹرول رکھتے ہیں۔ ان حملوں پر سعودی اتحاد کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز کی ایک رہائشی عمارت پر ایک روز قبل کیے گئے حملے میں سترہ ہلاکتیں ہوئی تھیں۔