زابر صحافت دان....تحریر ڈاکٹر وحیدالرحمن خان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 11, 2017 | 18:04 شام

ڈاکٹر وحیدالرحمن خان

”میں چالیس کتابوں کا مصنف ہوں“…… یہ جملہ سن کر محفل پر

 ایک سناٹا چھا گیا۔ کچھ چپ ہو گئے‘ چند بغلیں جھانکنے لگے۔ خاکسار کی تو گھگھی بندھ گئی۔ یہ جملہ نہیں تھا‘ زبردست  ٹھینگا تھا سر پر! نام بھی زابر ہے…… زابر سعید! والد گرامی سعید بدر صحافت کے بدر کامل ہیں اور زابر ان کا سعادت مند فرزند!

زابر سعید کے لہو میں صحافت شامل ہے‘ اس لئے ان کی صحافت کا رنگ زرد نہیں‘ سرخ ہے اور رنگ شناس لوگ جانتے ہیں کہ سرخ رنگ جوش‘ جذبے اور سچائی کی علامت ہے۔ وہ ایک پُرجوش اور حق پرست صحافی ہیں…… گو وہ اپنا تعارف عاجزانہ پیرائے میں ان الفاظ میں کراتے ہیں:

”میں ایک چھوٹا موٹا صحافی ہوں۔“

زابر صاحب کو تصویرکشی کا بہت شوق ہے۔ غالبؔ نے تو مہ رُخوں کے واسطے مصوری سیکھی تھی کہ ملاقات کی تقریب بنی رہے لیکن زابر مہ رُخوں سے زیادہ اپنی مصوری کے قائل ہیں۔ تصویر بتاں شاید وہ اپنی کتابوں اور الماریوں میں چھپا کر رکھتے ہو ں گے مگر اپنی تصویروں کی وہ اعلانیہ نمائش کرتے ہیں۔ فیس بک‘ پر ان کے رُخ انور کی ہر ادا اور ہر زاویئے سے بے شمار تصویریں موجود ہیں۔ اُن میں سے بعض واقعی بہت دلکش ہیں۔

زابر سعید صرف صحافی نہیں بلکہ وہ صحافت کے اُستاد بھی ہیں۔ اس لئے ان کی گفتگو محض سیاسی ریشہ دوانیوں اور محلاتی سازشوں کی روداد پر مشتمل نہیں ہوتی۔ وہ صحافت کے اسرار و رموز سے بھی آشنا ہیں‘ چنانچہ جب وہ صحافت کی اصطلاحات میں سیاست کا تجزیہ کرتے ہیں تو ان کی گفتگو دو آتشہ ہو جاتی ہے۔ زابر صاحب کی صحافیانہ تحریریں ان کی مشاہداتی اور تجزیاتی صلاحیتوں کی آئینہ دار ہیں۔ انہیں مطالعے کا بھی خاصا شوق ہے‘ اس شوق نے انہیں کی تحریروں کی معنی خیزی اور فکر انگیزی میں اضافہ کیا ہے۔ ان کی تمام تصانیف اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بعض اوقات ہمارا یہ صحافی دوست کسی مصلحت کے تحت ”عامیوں“ کے سامنے حقائق پوشیدہ رکھتا ہے۔ کسی صوفی کا ”مقامات“ کو پوشیدہ رکھنا قابل ستائش ہے مگر صحافی کا ”معلومات“ کو چھپانا ناقابل فہم ہے۔

زابر صاحب کا نام جلالی ہے۔ اس کا اثر ان کی شخصیت پر بھی پڑا ہے۔ ان کے مزاج میں تندی اور تیزی ہے…… ایں بندہ آفت است! اسے باد مخالف میں اونچا اُڑنا پسند ہے۔ حلقہ یاراں میں وہ اونچے قہقہے لگاتے ہیں۔ صف دشمناں میں وہ طبل جنگ بجاتے ہیں۔ وہ زندگی سے معمور شخص ہیں‘ وہ ایک متاثر کن انسان ہیں‘ وہ ایک ”صحت مند“ صحافی ہیں‘ وہ چالیس کتابوں کے مصنف ہیں۔

 صحافت دان کی اصطلاح پہلی مرتبہ اردو زبان میں محترم زابر سعید بدر کے لئے متعارف کروائی گئی ہے.ڈاکٹر وحید الرحمن خان,یونیورسٹی آف ایجوکیشن‘ لاہور کے صدر شعبہ اردو ہونے کے ساتھ ساتھ معروف مزاح نگار اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں