آرمی چیف سے پشاور زلمی ٹیم کی ملاقات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 11, 2017 | 13:57 شام

 

راولپنڈی(مانیٹرنگ)پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کی فاتح ٹیم پشاور زلمی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے پشاور زلمی کی ٹیم کو پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے پشاور زلمی کی ٹیم سے ملاقات کے موقع پر پی ایس ایل میں شریک تمام ٹیموں اور مینجمنٹ کی پاکستان میں کرکٹ کو واپس لانے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے خاص طور پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان میں بطور مہمان آکر کھیلنے پر شکریہ ادا کیا۔جنرل قمر

جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستان میں بہت پسندیدہ کھیل ہے جس کے ذریعے پوری قوم اکٹھی ہوجاتی ہے۔آرمی چیف نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اسی طرح مظاہرہ کرتے رہیں اور پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرتے رہیں۔ملاقات کیلئے آنے والے مہمانوں نے آرمی چیف کی حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔تمام مہمان آرمی چیف کی کرکٹ کے ساتھ وابستگی اور کرکٹ کے ریکارڈ اور معلومات کے بارے میں جان کر حیران رہ گئے۔

انہوں نے آرمی چیف کی نصیحتوں اور مشوروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔تمام کھلاڑیوں نے آرمی چیف کو اس بات کی یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے سپاہی ہیں اور ملک میں امن اور یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے پاک آرمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پشاور زلمی کی ٹیم نے پاک آرمی کے جوانوں کی امن کیلئے دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے دی جانیوالی قربانیوں کو بھی سراہا۔آرمی چیف سے ملاقات میں پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور پاکستانی کھلاڑی بھی موجود تھے۔