پشاور زلمی کی جیت فائنل میں پہنچ گئی۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 03, 2017 | 20:14 شام

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان سپر لیگ کے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔  دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کے لئے 182 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں سنگاکارا الیون مقررہ اوورز میں 156 رنز بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب کرس گیل اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بابراعظم دوسرے ہی

اوور میں کرس جورڈن کی گیند پر ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان کمار سنگاکار تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور محمد حفیظ کو شاندار چھکا رسید کیا لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 15 رنز بناکر واپس پویلین لوٹ گئے تاہم دوسرے ایند پر موجود کرس گیل ایک بار پھر مشکل میں دکھائی دیے اور اپنا پہلا رنز لینے کے لیے انہوں نے 9 گیندوں کا انتظار کیا۔محمد حفیظ نے کرس جورڈ ن کی گیند پر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شعیب ملک کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا اور وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے جب کہ روی بوپارا بھی 6 رنز ہی بناسکے۔ کرس گیل تحمل مزاجی سے بیٹنگ کرتے رہے اور کراچی کنگز 10 اوورز میں صرف 59 رنز بناسکی تھی کہ کرس گیل نے شاہد آفریدی کو ایک ہی اوور میں 2 چھکے لگاکر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے تاہم کیرون پولارڈ کی زوردار شارٹ کو پکڑنے کی کوشش میں شاہد آفریدی اپنا ہاتھ زخمی کروا بیٹھے اور میچ سے باہر ہوگئے جس کے بعد وہ مزید اوور نہ کرواسکے، کرس گیل زیادہ دیر تک اپنی جارحانہ اننگز جاری نہ رکھ سکے اور وہاب ریاض نے انہیں بولڈ کردیا، وہ 30 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کیرون پولارڈ اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ کے لیے 62 رنز کی شراکت قائم کرکے پشاور کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن وہاب ریاض پولارڈ کی اننگز کا خاتمہ کرکے زلمی کو ایک بار پھر میچ میں واپس لے آئے، وہ 25 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کرس جورڈن اور وہاب ریاض نے 3،3 جب کہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور ڈیوڈ ملان نے پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف شادنار اسٹروکس لگاتے ہوئے 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 88 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔کامران اکمل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے پاکستان سپر لیگ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی وہ 104 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے مارلن سیموئلز نے بھی 21 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ بوم بوم شاہد آفریدی میچ کے آخری اوور میں بیٹنگ کے لیے آئے لیکن پہلی ہی گیند پر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔واضح رہے پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پشاور زلمی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک رن سے شکست دیدی تھی، اس مرحلے کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44رنز سے مات دیکر ایونٹ سے باہر کردیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تو اتوار کو لاہور میں شیڈول فائنل کا ٹکٹ کٹوا چکے ہیں۔اب بس انتظار ہے تو اتوار کا۔۔۔۔۔