بول کاا جھوٹ پکڑا گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 21, 2017 | 18:00 شام

لاہور(مانیٹرنگ)پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اس بات کی تردید کی ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کسی نجی ٹی وی چینل کے ساتھ سیاسی تجزیہ کار کے طور پر منسلک ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ آصف علی زرداری انٹرویوز تو دیتے رہتے ہیں اور حال ہی میں انھوں نے بین الاقوامی جریدے 'فوربز' کو بھی ایک انٹرویو دیا ہے اور جہاں تک بول ٹی وی کا تعلق ہے وہ بھی ایک انٹرویو ہی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'بول نیوز' کی جانب سے سوشل میڈیا پیج پر ایک اشتہار چلایا گیا تھا جس سے یہ گمان ہوتا ہے کہ جیسے سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری 'پاکستان کھپے' کے نام سے ایک ٹی وی پروگرام کررہے ہیں۔

اس سے پہلے پاکستان کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف اور طاہر القادری کے لیے بھی ایسا ہی اشتہار چلایا گیا تھا تاہم بعد میں وہ دونوں بھی انٹرویو ہی ثابت ہوئے تھے۔اس سلسلے میں بول نیوز پر 19 مارچ بروز اتوار کو 'پاکستان کھپے' نشر کیا گیا جس میں آصف علی زرداری بلاول ہاؤس کراچی سے براہِ راست شریک ہوئے اور اس میں انھوں نے ملکی اور بین الاقوامی امور پر بات کی۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے عالمی منظرنامے میں پاکستان کو درپیش چیلنجز کا تذکرہ کیا تھا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ حکومت ابھی تک وزیر خارجہ کے تقرر میں ناکام رہی ہے۔شو کے دوران آصف علی زرداری نے پاک-امریکا تعلقات کے حوالے سے بھی بات کی تھی اور کہا تھا کہ 'اگر کوئی امریکا کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری لیتا ہے تو ان تعلقات میں بہتری آسکتی ہے'۔جب ان سے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے حوالے سے بات کی گئی تھی تو ان کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم نواز شریف اس منصوبے کو سمجھ ہی نہیں سکے، یہ صرف سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ نہیں ہے'۔واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے شو 'سب سے پہلے پاکستان وِد صدر مشرف' کی پہلی قسط 26 فروری کو نشر ہوئی تھی، جس میں وہ دبئی سے اینکر کے سوالات دیتے ہوئے نظر آئے۔پرویز مشرف کا شو اتوار کو رات 8 بجے نشر ہوتا ہے تاہم پرویز مشرف خود اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں وضاحت کرچکے ہیں کہ انہوں نے کچھ انٹرویوز ریکارڈ کرائے ہیں جنہیں بول نیوز نشر کررہا ہے۔