حامد کاظمی باعزت بری ہوئے‘ افتخار چودھری سیاسی جج تھے‘ للکار کر کہتا ہوں شرم کرو: زرداری

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 25, 2017 | 03:02 صبح

 

لاہور+ملتان (مانیٹرنگ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں چاہے آج ہوں یا کل۔ سابق چیف جسٹس کو للکار کر کہتا ہوں شرم کرو۔ سابق جج سیاسی جج تھے۔ افتخار چودھری صدر پاکستان بننا چاہتے تھے‘ کبھی بھی میاں صاحب کے خلاف فیصلہ نہیں آیا‘ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں پنجاب میں کلین سویپ کریگی۔ ہمیں سکیورٹی دیں یا نہ دیں ہم نکلیں گے اور پنجاب میں جلسے کرینگے۔ ہم ان سے پورا پنجاب لیں گے۔ حامد سعید کاظمی کو باعزت بری ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ حامد سعید کاظمی کے باعزت بری ہونے پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ حامد سعید کاظمی اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ حامد سعید کاظمی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی بی نے ایک بار کہا تھا کہ پتہ نہیں کیا ہے کہ میاں صاحب کیخلاف اور ہمارے حق میں کبھی فیصلہ نہیں آیا۔ بلاول بھٹو زرداری مکمل آزاد ہیں اور وہ پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔ میں نے اکثر دوستوں سے کہا تھا اس سیاسی جج کی سفارش نہ کریں۔ سیاسی جج کے پیچھے نہ بھاگو‘ جج نے سیاسی جماعت بنا کر میری بات سچ کر دی۔ پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دینگے۔ ن لیگ نہیں چاہتی کے قبل از وقت الیکشن ہوں۔ غیب کی خبر مجھے نہیں، پانامہ پر پتہ نہیں ججوں کے دلوں میں کیا ہے۔ حامد سعید کاظمی نے ملتان میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو پریس کانفرنس سے قبل ملتان کے میڈیا سے میں خود بات کرنا چاہتا ہوں میں چاہتا ہوں کہ ویزہ‘ حسین حقانی اور امریکی ایجنسیوں سے متعلق تمام گفتگو مجھ سے کی جائے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملکی و بین الاقوامی حالات پارٹی پالیٹکس اور دیگر امور پر گفتگو کی جائے پریس کانفرنس کے بعد یوسف رضا گیلانی سابق صدر آصف زرداری کے ہمراہ بذریعہ طیارہ واپس لاہور چلے گئے۔