زارداری نے ملک میں وہ کچھ لانے کا دعویٰ کیا جس سے ملک محروم ہے،سیاسی اداکاروں کو للکارا فوج کو سلام کرتے رہے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 23, 2016 | 15:59 شام

کراچی: (مانیٹرنگ) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ میں مایوسی کا نہیں بلکہ امید کا پروگرام لایا ہوں۔ عوام اور فوج کی طاقت سے پاکستان محفوظ ہے۔ کہتے ہیں کہ سیاسی اداکار سن لیں، ہم پاکستان میں ہی دفن ہوں گے۔ ایک دن وہ وقت آئے گا کہ عوام کی سیاست دوبار آئے گی۔
سابق صدر آصف زرداری نے اٹھارہ ماہ کے بعد وطن واپسی پر اپنے کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ دنیا میں بہت سی چیزیں ہو رہی ہیں لیکن لوگوں کو پاکستان سے
مایوسی ہے۔ میں مایوسی کا نہیں بلکہ امید کا پروگرام لے کر آیا ہوں۔ پاکستانی قوم جدوجہد کرنیوالی ہے۔ قوم جب جدوجہد کرتی ہے وہ ہار نہیں سکتی۔ عوام اور فوج کی طاقت سے پاکستان محفوظ ہے۔ پاکستان کبھی ناکام ریاست نہیں بنے گا۔
سابق صدر نے کہا کہ میاں صاحب کا مینڈیٹ ٹھیک تھا یا غلط وہ الگ بات ہے، مگر ہم نے اقتدار خوش اسلوبی سے منتقل کیا۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے 5 سال پورے کیے۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کرسی پر کون ہے اور کون ہوگا؟ ایک دن وہ وقت آئے گا کہ عوام کی سیاست دوبار آئے گی۔ آصف زرداری نے اپنے خطاب میں سیاسی اداکاروں کو بھی للکارتے ہوئے کہا کہ وہ سن لیں، ہم پاکستان میں ہی دفن ہوں گے۔ ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہماری تو شہادتیں بھی یہاں ہوئیں ہیں۔
آصف زرداری نے کشمیر سے متعلق کہا کہ وہ ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔ کشمیر میں پاکستان کا جھنڈا جدوجہد کا پہچان ہے۔ کشمیر لے کر رہیں گے اور کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔ سابق صدر نے کارکنوں کو 27 دسمبر کو خوشخبری دینے کا بھی اعلان کیا۔ سابق صدر نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان کھپے کا نعرہ بھی لگایا۔