ایسی بھی کیا غلطی ہو گئی جو ظالم شوہر نے بیوی کی یہ حالت بنا دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 01, 2017 | 18:31 شام

بلخ(مانیٹرنگ ڈیسک):افغانستان کے شمالی صوبے بلخ  سے تعلق رکھنے والی ایک 23 سالہ خاتون نے بی بی سی کو بیان دیا ہے کہ ان کے شوہر نے انہیں تشدد کا نشانہ کیسے بنایا۔ان کا کہنا تھا  کہ ان کے شوہر نے انھیں باندھ کر ان کے دونوں کان کاٹ دیے۔زرینہ نامی خاتون کی حالت اب خطرے سے باہر ہے لیکن وہ ہسپتال میں شدید صدمے کی حالت میں زیر علاج ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کوئی گناہ نہیں کیا، مجھے نہیں معلوم کہ میرے شوہر نے میرے ساتھ ایسا کیوں کیا۔‘پولیس نے اس حوالے سے مقامی ذرائع ابلاغ کو

بتایا کہ اس خاتون کے شوہر اس حملے کے بعد سے کشندہ ضلعے میں مفرور ہیں۔زرینہ نے پژواک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ان کے شوہر نے انھیں جگایا اور پھر بلااشتعال ان پر حملہ کر دیا۔انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ان کی شادی 13 سال کی عمر میں کر دی گئی تھی اور ان کے اپنے شوہر کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے۔‘اپنے ایک اور انٹرویو میں زرینہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر نے انھیں ان کے والدین سے ملنے سے روک رکھا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ اب اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت شک کرنے والا شخص ہے اور جب بھی میں اپنے والدین سے ملنے جاتی تھی تو وہ اکثر مجھ پر غیر مردوں کے ساتھ باتیں کرنے کے الزامات لگاتا تھا۔‘زرینہ نے اپنے شوہر کی فوری گرفتاری اور مقدمے کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ افغان حکومت کئی بار گھریلو تشدد سے خواتین کو محفوظ رکھنے کے لیے قوانین متعارف کروانے کی کوشش کر چکی ہے۔تاہم صدر حامد کرزئی اپنے دور اقتدار کے دوران ان قوانین پر دونوں ایوانوں کی منظوری کے باجود دستخط کرنے میں ناکام رہے۔اس خاتون نے بتایا کہ میرا کوئی قصور نہیں تھا لیکن پھر بھی مجھے یہ سزا اور تکلیف دی گئی ہے ۔اور اب میں اپنے شوہر کو کسی صورت اس کی معافی نہیں دے سکتی۔